اضا خیل ڈرائی پورٹ

وزیراعظم عمران خان نے اضا خیل ڈرائی پورٹ نوشہرہ کا افتتاح کردیا

قومی خبریں

نوشہرہ (ایکسپریس نیوز): پاکستان ریلویز نے 12 مہینے میں 507 ملین روپے کی لاگت سے اضا خیل ڈرائی پورٹ کا یہ منصوبہ  پایہ تکمیل تک پہنچایا، اضاخیل ڈرائی پورٹ 28 ایکڑ پر محیط ہے جس میں مال برداری کی نقل وحمل یعنی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق یہ ڈرائی پورٹ نوشہرہ شہر سے 8 کلومیٹر کی دوری پر مین جی ٹی روڈ پر واقع ہے اور اسے رنگ روڈ پشاور کے ساتھ براستہ سڑک رسائی بھی حاصل ہوگی، اضا خیل ڈرائی پورٹ کے ذریعے کراچی بندرگاہ سے فریٹ کی ملک میں نقل وحمل اور پھر اس سامان کی افغانستان کو براستہ سڑک منتقلی کی جاسکے گی۔

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اضا خیل ڈرائی پورٹ اور سی پیک کے تحت پشاور سے کراچی تک 1872 کلو میٹر طویل ریل ٹریک کے قیام سے پاکستان ریلویز مال برداری کے ضمن میں مارکیٹ کا 20 فیصد شیئر حاصل کرنے کے قابل ہوجائے گا، اس سے پاکستان ریلوے آنے والے 5،6 سالوں میں اپنے سالانہ خسارے پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

حکومت پاکستان کی لاجسٹکس کو فروغ دینے کی پالیسی کے مطابق اضا خیل ڈرائی پورٹ عوام اور تاجروں کی  ضروریات کو پورا کرتے ہوئے قومی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا، پاکستان ریلویز کے ذریعے اشیاء اور مال کی ملک کے طول وعرض میں نقل وحمل کے لیے اس ڈرائی پورٹ کو پشاور سے اضا خیل نوشہرہ منتقل کرنے کا یہ منصوبہ 2006 میں ترتیب دیا گیا۔