اداکارہ حنا الطاف

اداکار آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف پر دھوکا دہی اور چوری کا الزام

شوبز اور لایف اسٹائل
 اسلام آباد (ایکسپریس نیوز): اداکارہ حنا الطاف اور اداکار آغا علی کو ڈرامہ سیریل کی شوٹنگ کے دوران معاہدے کی خلاف ورزی مہنگی پڑگئی، پروڈکشن کمپنی نے دونوں پر دھوکا دہی اور چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد عبدالغفور کاکڑ نے پرائیویٹ پروڈکشن کمپنی کی سی ای او نوشین آغا کی ایک درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل حسنین حیدر تھہیم ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیئے کہ ٹی وی سیریل میں اداکاری کے لیے اداکارہ حنا الطاف کو 5 لاکھ جبکہ اداکار آغا علی کو 8 لاکھ روپے ایڈوانس ادا کیے۔

نوشین آغا کے مطابق ڈائریکٹر اور پروڈکشن منیجر کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی مگر یہ لوگ رقم غبن کر کے کنٹریکٹ کے کاغذات، فلمائی گئی شوٹ کی وڈیوز اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے بغیر بتائےغائب ہو گئے، پولیس کو مقدمہ اندراج کی درخواست دی مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی،عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس کو مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق کارروائی اور رقم واپس دلوانے کا حکم دیا جائے.

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران معاہدے کی خلاف ورزی، دھوکا دہی اور ریکارڈ کی گئی وڈیوز کی چوری کے الزامات کے تحت حنا الطاف، آغا علی اور پروڈکشن ٹیم کے خلاف ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو مقدمہ درج کرکے تفتیش کرنے کا حکم دیا ہے۔