انسانیت کیلئے بہترین امید صدر مملکت

اقوام متحدہ پائیدار امن اور بامقصد تعاون کے حوالہ سے انسانیت کیلئے بہترین امید ہے: صدر مملکت

بین الاقوامی خبریں, متفرق خبریں

اقوام متحدہ کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے مو قع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ پائیدار امن اور بامقصد تعاون کے حوالہ سے انسانیت کیلئے بہترین امید ہے.

پاکستان اقوام متحدہ کے مشن کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے، صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے بڑا اور طویل عرصہ سے حصہ دار ہے۔ 1960ءسے اب تک ہمارے 2 لاکھ سے زائد بہادر 26 ممالک اور 46 مشنز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔۔

انھوں نے کہا کہ 158 پاکستانی امن فوجیوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ ۔ ۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدوں اور ان کے حق خود ارادیت کی تکمیل کی یاد دہانی کراتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے ، فوجی محاصرہ ختم کرنے، مواصلاتی رابطوں کی بحالی اور نقل و حرکت اور پرامن اجتماع پر عائد پابندی ہٹانے، متنازعہ خطہ میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے قوانین اور 5 اگست 2019ءکے بعد کئے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لینے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے۔