ایئر بیس پر راکٹ حملے

عراق میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایئربیس پر راکٹ حملے

بین الاقوامی خبریں

بغداد (ایکسپریس نیوز): عراق میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایئر بیس پر راکٹ حملے میں 4 مقامی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی فضائیہ کے ’البلد ایئر بیس‘ پر نامعلوم سمت سے 8 راکٹ داغے گئے ہیں، اس ایئربیس پر امریکی فوجی بھی مقیم تھے اور فضائی کارروائیوں کے لیے اس بیس کو استعمال کیا کرتے تھے۔

عراقی فوج نے کہا ہے کہ راکٹ حملوں میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 عراقی فضائیہ کے آفیسر اور 2 ایئرمین ہیں، دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ ایئربیس کو بھی نقصان پہنچا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے وقت اس ایئربیس پر صرف 15 امریکی فوجی اور ایک طیارہ موجود تھا جو مکمل طور پر محفوظ ہیں، کشیدگی کے بعد سے امریکی فوجیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

البلد عراق کے ایف-16 طیاروں کا مرکزی ایئر بیس ہے، ان طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے امریکی فوجی بھی کیمپ میں ہی مقیم ہیں۔ قبل ازیں اس بیس پر ایک حملے میں عراقی فوج کے اہلکاروں سمیت ایک امریکی کنڑیکٹر بھی ہلاک ہوچکا ہے۔

One thought on “عراق میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایئربیس پر راکٹ حملے

Comments are closed.