فلاحی ریاست

حکومت کی تمام پالیسیوں کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا اور پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے، وزیراعظم

قومی خبریں

نوشہرہ (ایکسپریس نیوز): وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ملک کو فلاحی ریاست بنانا اور تمام پالیسیوں کا مقصد پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔ 

اضاخیل ڈرائی پورٹ نوشہرہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرائی پورٹ سے تجارت میں اضافہ ہوگا، روزگار ملے گا اور یہاں کے لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا لیکن اس سے پہلے ریلوے سسٹم کی بہتری کے لیے پیسہ خرچ نہیں کیا گیا جس سے ریلوے کے حالات دن بدن بگڑتے گئے، انگریز جو پٹڑیاں چھوڑ کرگیا تھا اس سے کم پٹڑیاں ہوگئیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماضی کی حکومتیں ایلیٹ کلاس اور مخصوص طبقوں کیلیے آئیں، آہستہ آہستہ سرکاری اسپتالوں کا برا حال ہوا، لوگ پرائیویٹ اسپتال جانےلگے لیکن ہماری حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ملک کو فلاحی ریاست بنانا اور حکومت کی تمام پالیسیوں کا مقصد پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریلوے کے مزدور اور انجینئر کو کہنا چاہتا ہوں آپ ریلوے کو ایسے چلائیں جیسے اپنی گاڑی کی حفاظت کرتے ہیں اور ہم کسی قسم کا سفارشی سسٹم نہیں لائیں گے اور کرپشن کوئی بھی کرے، آپ صرف معلومات دیں، ان کرپٹ عناصر کے خلاف ایکشن لینا ہمارا کام ہے، شیخ رشید نے ریلوے کا خسارہ کم کیا، ریلوے کو اب پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے ٹیکنالوجی میں چین سب سے آگے ہے اور ہم چین سے ملکر ایم ایل ون بنارہے ہیں، جو اس ملک کو ہرطرح کا فائدہ دے گی اور یہ پروجیکٹ پاکستان ریلوے میں انقلابی تبدیلی لائے گا، ایم ایل ون کے بعد کراچی سے پشاور ٹرین 8 گھنٹے میں پہنچے گی جب کہ ریلوے کی تما م زمینوں  کو بیچیں گے اور کمرشل کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم کمزور طبقے کےلیے190 ارب روپے کا احساس پروگرام لائے، تاریخ میں سب سے زیادہ اسکالرشپس اور قرضے دےرہے ہیں، غریب خاندان کو احساس صحت کارڈ دیں گے، نیا پاکستان ہاوَسنگ سوسائٹی  کے ذریعے50لاکھ گھر بنا رہے ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی سے 40 صنعتیں شروع ہوجائیں گی۔